
خلیج اردو
ایران کے دارالحکومت تہران میں خصوصی افراد کیلئے قائم معروف ڈاؤن ٹزم کیفے فضائی حملے کے بعد تباہ ہو گیا جس پر سماجی حلقوں کی جانب سے شدید تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
اطلاعات کے مطابق یہ کیفے آٹزم اور ڈاؤن سنڈروم کے شکار افراد کو روزگار فراہم کرنے اور انہیں معاشرتی طور پر بااختیار بنانے کیلئے قائم کیا گیا تھا۔
سماجی کارکنوں کا کہنا ہے کہ یہ جگہ صرف ایک کیفے نہیں بلکہ خصوصی افراد کیلئے امید، خود اعتمادی اور معاشرتی قبولیت کی علامت تھی۔ ان کے مطابق اس کی تباہی ایک بڑے سماجی نقصان کے طور پر دیکھی جا رہی ہے۔
دوسری جانب امریکی سیاست میں بھی ایران میں سکول پر مبینہ حملے کے معاملے پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ امریکی ڈیموکریٹ ارکان نے وزیر جنگ پیٹ ہیگسیتھ کو خط لکھ کر وضاحت طلب کی ہے۔
خط میں سوال کیا گیا ہے کہ آیا کسی پرانے یا غلط تجزیے کی بنیاد پر سکول کو ہدف بنایا گیا۔ ارکان کانگریس نے کہا، "ہم جاننا چاہتے ہیں کہ درحقیقت ہوا کیا ہے اور وہ تمام حقائق فراہم کیے جائیں جن کی بنیاد پر سکول کو نشانہ بنایا گیا۔”
سیاسی مبصرین کے مطابق اس معاملے پر امریکا کے اندر بھی بحث شدت اختیار کر سکتی ہے کیونکہ شہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کے الزامات بین الاقوامی سطح پر حساس تصور کیے جاتے ہیں۔






