
خلیج اردو
اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو پروازوں کے لیے بند کرنے کی خبروں کے بعد ایئرپورٹ اتھارٹی کے ترجمان نے وضاحت جاری کر دی ہے۔
ترجمان کے مطابق اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر آپریشنل وجوہات کی بنا پر کچھ دیر کے لیے فلائٹ آپریشنز میں معمولی آپریشنل ایڈجسٹمنٹ کی گئی تھی تاہم اب تمام پروازیں معمول کے مطابق آپریٹ ہو رہی ہیں۔
ترجمان نے مسافروں سے اپیل کی کہ وہ اپنی پروازوں کے حوالے سے تازہ معلومات کیلئے متعلقہ ایئرلائن سے رابطہ کریں۔
دوسری جانب میڈیا رپورٹس کے مطابق اسلام آباد کی فضائی حدود میں ایک مشکوک ڈرون دیکھے جانے کے بعد سکیورٹی خدشات کے پیش نظر فضائی حدود کو چند منٹ کیلئے بند کیا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق سکیورٹی اداروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مشکوک ڈرون کو ناکارہ بنا کر گرا دیا جس کے بعد فضائی حدود کو کلیئر قرار دے دیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق گرایا گیا ڈرون مقامی نوعیت کا تھا تاہم یہ امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ افغانستان کی سمت سے آیا ہو سکتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ صورتحال معمول پر آ چکی ہے اور اسلام آباد ایئرپورٹ پر پروازوں کی آمد و رفت بدستور جاری ہے۔






