خلیج اردو: نیٹو کے سیکریٹری جنرل نے دعوی کیا ہے کہ چین کی جانب سے روس کو اسلحہ فراہم کیے جانے کا امکان ہے۔
اپنے ایک انٹرویو میں نیٹو کے سیکریٹری جنرل اسٹولٹن برگ کا کہنا تھا کہ تاحال چین کی جانب سے روس کو ہتھیاروں کی ترسیل کے شواہد نہیں ملے لیکن ایسے اشارے ضرور ملے ہیں کہ بیجنگ ماسکو کو ایسی کمک فراہم کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔
یانس اسٹولٹن برگ نے کہا کہ چین سلامتی کونسل کا رکن ہے اور یوکرین کے خلاف روس کی جنگ اقوام متحدہ کے منشور کی خلاف ورزی ہے۔
نیٹو کے سیکریٹری جنرل نے یہ دعوی ایسے وقت میں کیا ہے جب اقوام متحدہ میں چین کے نائب مندوب دائی بینگ نے کہا ہے کہ اسلحے کی فراہمی امن نہیں لاسکتی۔
اس سے پہلے چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ ون بین نے امریکی حکام کے دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ سمجھنے کے لیے حقائق کافی ہیں کہ امریکہ ہی مشکلات کی جڑ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم سجھتے ہیں کہ امریکہ دنیا میں امن نہیں چاہتا اور اس نے حالیہ دنوں میں یوکرین کو پانچ سو ملین ڈالر سے زائد کے ہتھیار فراہم کیے ہیں۔