عالمی خبریں

یورپ موسمیاتی تبدیلی کی لپیٹ میں، درجہ حرارت 46 ڈگری تک پہنچ گیا، ہیٹ ویو سے نظام زندگی مفلوج

خلیج اردو
لندن: موسمیاتی تبدیلی کے شدید اثرات یورپ بھر میں محسوس کیے جانے لگے ہیں، جہاں سورج کی تپش نے عوام کو بے حال کر دیا ہے۔ براعظم کے مختلف ممالک شدید ہیٹ ویو کی لپیٹ میں ہیں، اور درجہ حرارت بعض مقامات پر 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا ہے۔

برطانیہ میں پہلی بار گرمی کی شدت نے معمولاتِ زندگی کو مفلوج کر دیا ہے۔ ٹرین سروسز، دفاتر اور صحت کے نظام پر دباؤ بڑھ گیا ہے، جبکہ شہریوں کو غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کی ہدایات دی گئی ہیں۔

اٹلی، یونان، سپین اور پرتگال میں محکمہ موسمیات نے شدید گرمی کی وارننگ جاری کر دی ہے۔ بارسلونا میں ایک افسوسناک واقعے میں ایک خاتون گرمی میں مسلسل کام کرنے کے دوران دم توڑ گئی۔ حکام نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

اٹلی میں شہریوں کو گرمی سے محفوظ رکھنے کے لیے "کلائمیٹ شیلٹرز” اور سرکاری تالاب عوام کے لیے کھول دیے گئے ہیں۔ روم، میلان اور فلورنس سمیت کئی شہروں میں ہیٹ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

ماہرین ماحولیات نے خبردار کیا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی اب یورپ جیسے معتدل خطوں کو بھی شدید متاثر کر رہی ہے، اور اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو صورتِ حال مزید بگڑ سکتی ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button