عالمی خبریں

ترکیہ کے صوبے ازمیر میں جنگلاتی آگ سے تباہی، 50 ہزار سے زائد افراد محفوظ مقامات پر منتقل، وزیراعظم پاکستان کا اظہار ہمدردی

خلیج اردو
ازمیر– ترکیہ کے صوبے ازمیر میں جنگلات میں لگی آگ نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی، جہاں درجنوں مکانات جل کر راکھ ہو گئے اور پانچ مختلف علاقوں سے 50 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنا پڑا۔ آگ کی شدت کے باعث فضا دھویں سے بھر گئی، جبکہ ریسکیو ادارے اور فائر فائٹرز آگ پر قابو پانے میں مصروف ہیں۔

ترکیہ کے حکام کے مطابق شدید گرمی، تیز ہواؤں اور خشک موسم نے آگ کو تیزی سے پھیلنے میں مدد دی، جس کے باعث رہائشی علاقوں کو بھی خطرہ لاحق ہو گیا۔ کئی دیہات خالی کرا لیے گئے جبکہ ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

ادھر پاکستان کے وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ازمیر میں آتشزدگی کے واقعے پر دلی رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ اپنے تعزیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اس نازک گھڑی میں ترک صدر رجب طیب اردگان، ترک حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔

وزیر اعظم نے مزید کہا کہ ترکیہ کو اس مشکل وقت میں درکار ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لیے پاکستان ہمہ وقت تیار ہے۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا بھی کی۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button