15جون سے مساجد سمیت تمام عبادت گاہوں کو کھول دیا جائے گا، انفرادی طور پر عبادت کی جاسکے گی
انگلینڈ کا 15جون سے تمام مساجد کھولنے کا اعلان، انگلینڈ میں 15جون سے مساجد سمیت تمام عبادت گاہوں کو کھول دیا جائے گا، وزیراعظم نے فیصلہ کیا ہے کہ انگلینڈ میں تمام عبادت گاہیں کھولی جائیں گی جہاں انفرادی طور پر عبادت کی جاسکے گی۔ عبادت گاہوں میں باجماعت عبادت کی اجازت نہیں ہوگی اور نہ کسی شادیوں کی اجازت ہوگی۔
کوئی بھی ایسی عبادت نہیں کی جاسکے گی جس میں اجتماعیت کا عنصر ہو۔ وزیراعظم نے یہ فیصلہ مذہبی رہنماؤں کے مطالبے پر کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق تمام مذاہب کے رہنماؤں نے مطالبہ کیا تھا کہ لاک ڈاؤن میں نرمی ہورہی ہے تو عبادت گاہوں کو بھی کھولا جائے۔ خیال رہے کہ اس فیصلے کا اطلاق 15جون سے ہوگا اور یہ فیصلہ صرف انگلینڈ کیلئے ہے، سکاٹ لینڈ اور ویلز میں اس حوالے سے ابھی پابندی جاری رہے گی۔
دوسری جانب برطانیہ میں بیرون ممالک سے آنے والے مسافروں پر 14 روز قرنطینہ کی شرط عائد کردی گئی۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق برطانوی ایئر لائن (برٹش ایئرویز ) نے پاکستان سمیت دیگر ممالک کو ٹریول ایڈوائزری جاری کردی۔ایئر لائن کے مطابق 8 جون سے برطانیہ پہنچنے والے مسافروں پر 14 دن قرنطینہ کی شرط عائد کی گئی ہے۔برٹش ائیرویز کا کہنا تھا کہ بیرون ممالک سے آنے والے مسافر برطانیہ میں اپنے گھروں پر قرنطینہ ہوں گے۔
واضح رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 69 لاکھ 76 ہزار 45 ہو گئی جبکہ اس سے ہلاکتیں 4 لاکھ 2 ہزار 170 ریکارڈ کی گئی ہیں۔کورونا وائرس کے دنیا بھر میں 31 لاکھ 62 ہزار 87 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 53 ہزار 586 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 34 لاکھ 11 ہزار 788 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔
Source : link







