عالمی خبریں

ملیالم اداکار کلا بھون ناواس ہوٹل کے کمرے میں مردہ پائے گئے

خلیج اردو
کیرالہ: مشہور ملیالم اداکار اور مِمکری آرٹسٹ کلا بھون ناواس 51 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ کوچی پولیس کے مطابق اداکار کی لاش چوٹانیکارامیں ایک ہوٹل کے کمرے سے برآمد ہوئی۔ ان کی موت کے محرکات کے حوالے سے مزید تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئیں۔

کلا بھون ناواس کے انتقال کی خبر پر شوبز انڈسٹری اور مداحوں میں افسوس کی لہر دوڑ گئی ہے۔ کیرالہ بی جے پی کے صدر راجیو چندر شیکھر نے سوشل میڈیا پر تعزیتی پیغام دیتے ہوئے کہا کہ "فلم اور مِمکری آرٹسٹ کلا بھون ناواس کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ ان کے اہل خانہ، دوستوں اور فلمی برادری کے ساتھ دلی ہمدردی ہے۔”

ناواس کے فلم ‘ڈیٹیکٹیو اجوالن’ کے ساتھی اداکار رونی ڈیوڈ راج نے بھی انسٹاگرام پر جذباتی پیغام شیئر کرتے ہوئے دعائیں پیش کیں۔ مداحوں نے بھی اداکار کے انسٹاگرام پوسٹس پر تعزیتی پیغامات لکھے۔ اپنے آخری انسٹاگرام پوسٹ میں ناواس نے ایک نئی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا تھا: "ایک نیا سفر شروع ہو چکا ہے۔”

کلا بھون ناواس کا تعلق ریاست کیرالہ سے تھا اور انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز بطور مِمکری آرٹسٹ کیا۔ انہوں نے 1995 کی فلم ‘چیتنیئم’ سے بطور اداکار فلمی دنیا میں قدم رکھا۔ انہیں مزاحیہ کرداروں میں خاص شہرت حاصل ہوئی۔

ان کی مشہور فلموں میں ‘ہٹلر برادرز’، ‘جونیئر منڈریک’، ‘میناکشی کلیانم’، ‘چنداماما’ اور ‘تھلانا تھلانا’ شامل ہیں۔ کلا بھون ناواس کی آخری فلم ‘ڈیٹیکٹیو اجوالن’ ایک معمہ پر مبنی کامیڈی فلم تھی۔

مرحوم اپنے پیچھے اہلیہ اور تین بچوں کو سوگوار چھوڑ گئے ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button