پاکستانی خبریں

اڈیالہ جیل سپریٹنڈنٹ نے بانی پی ٹی آئی کے بیٹوں کی ٹویٹ کو بے بنیاد قرار دے دیا

خلیج اردو
راولپنڈی: اڈیالہ جیل کے سپریٹنڈنٹ عبدالغفور انجم نے بانی پی ٹی آئی کے بیٹوں کی جانب سے قیدیوں کی ہیپاٹائٹس سے ہلاکتوں کے الزامات کو بے بنیاد اور من گھڑت قرار دے دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جیل میں قیدیوں کی خوراک اور حفظان صحت پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اور متعدی امراض میں مبتلا قیدیوں کو علیحدہ رکھا جاتا ہے۔

سپریٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے مطابق قیدیوں کی مکمل سکریننگ اور علاج کا مربوط نظام موجود ہے۔ اگر کسی قیدی کو خصوصی علاج کی ضرورت ہو تو انہیں ہولی فیملی، ڈی ایچ کیو، بی بی ایچ آئی اور پمز جیسے بڑے ہسپتالوں میں منتقل کیا جاتا ہے۔ گزشتہ ایک سال کے دوران جیل کے اندر ہیپاٹائٹس سے کوئی موت واقع نہیں ہوئی، تاہم چند قیدی بیرونی ہسپتالوں میں دوران علاج وفات پا چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو جیل میں دیگر قیدیوں کے مقابلے میں زیادہ سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور ٹویٹ میں لگائے گئے الزامات کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔ جیل پر اس قسم کے الزامات لگانا انتشار پھیلانے کے مترادف ہے۔

سپریٹنڈنٹ نے سوشل میڈیا پر سنسنی پھیلانے والوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جیل میں کسی قیدی کے ساتھ امتیازی سلوک نہیں کیا جا رہا اور تمام قیدیوں کے ساتھ قانون کے مطابق برتاؤ کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جیل میں صحت، صفائی اور قیدیوں کے علاج معالجے کے حوالے سے تمام تر انتظامات مکمل اور فعال ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button