خلیج اردو: امریکی صدر جو بائیڈن کی جانب سے ایندھن پر عائد ٹیکس میں تین ماہ کیلئے استثنیٰ دینے کی خبر سامنے آتے ہی عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی ہوگئی۔
بدھ کو عالمی منڈی میں برطانوی برینٹ کروڈ آئل کی قیمت تقریباً 6.5 فیصد یعنی 7.49 ڈالر فی بیرل کم ہوکر 107.16 ڈالر ہوگئی۔
اس کے علاوہ امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کی قیمت 7.1 فیصد یعنی 7.74 ڈالر کم ہوکر 101.78 ڈالر فی بیرل پر آگئی ہے۔
خیال رہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن جلد کانگریس کے سامنے یہ تجویز رکھنے کا ارادہ رکھتے ہیں کہ امریکی شہریوں کو ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمت کے تناظر میں ریلیف دینے کیلئے فیڈرل ٹیکس میں تین ماہ کیلئے چھوٹ دی جائے۔
امریکا میں پیٹرول پر اس وقت 18.4 سینٹس فی گیلن فیڈرل ٹیکس لیا جارہا ہے جبکہ ڈیزل پر 24.4 سینٹ فی گیلن ٹیکس لاگو ہے جسے ختم کرنے کیلئے امریکی کانگریس کی منظوری ضروری ہے۔