عالمی خبریں

اسرائیل کے ماہ رمضان میں بھی نہتے فلسطینیوں پر حملے، دو دن میں خواتین اور بچوں سمیت 404 فلسطینی شہید

خلیج اردو
غزہ:اسرائیل کے ماہ رمضان میں بھی نہتے فلسطینیوں پر حملے جاری ہیں، دو دن میں خواتین اور بچوں سمیت 404 فلسطینی شہید ہو گئے۔ شہداء میں حماس کے سیاسی شعبے کے چار اعلیٰ عہدیدار بھی شامل ہیں۔

وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ حماس نے یرغمالیوں کو رہا نہ کرکے جنگ کا راستہ اختیار کیا۔ غزہ میں اسرائیلی حملے دوبارہ شروع ہونے کے بعد رفح کراسنگ بند کر دی گئی ہے۔

حماس نے دوست ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیلی حملے روکنے کے لیے امریکہ پر دباؤ ڈالیں۔ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ غزہ پر فضائی حملے ابھی شروعات ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ حماس کے خاتمے اور یرغمالیوں کی رہائی تک حملے جاری رہیں گے اور جنگ بندی مذاکرات اب آگ اور خون کے نیچے ہوں گے۔

نیتن یاہو نے مزید کہا کہ اسرائیل حماس کے خلاف فوجی طاقت میں اضافہ کرے گا اور جب تک حماس اسرائیل کے لیے خطرہ ہے، کارروائیاں جاری رہیں گی۔

پاکستان نے فلسطینیوں پر اسرائیلی بمباری کی شدید مذمت کی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے اسرائیلی حملوں کو جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان حملوں سے خطے میں عدم استحکام کا نیا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔ پاکستان نے عالمی برادری سے سفارتی کوششیں تیز کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button