
خلیج اردو
حیدرآباد: بھارت راشٹرا سمیتی (بی آر ایس) کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ (کے سی آر) نے منگل کے روز اپنی صاحبزادی اور رکن قانون ساز کونسل (ایم ایل سی) کے کویتا کو پارٹی مخالف سرگرمیوں پر معطل کردیا۔
بی آر ایس کے جنرل سیکریٹریز ٹی. اروند راؤ اور سومو بھارت کمار نے ایک بیان میں کہا کہ کے سی آر نے کویتا کو فوری طور پر پارٹی سے معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
بیان کے مطابق قیادت نے کویتا کی حالیہ سرگرمیوں کو پارٹی کے لیے نقصان دہ قرار دیتے ہوئے سخت نوٹس لیا۔
یہ فیصلہ کے سی آر نے پیر سے جاری سینئر رہنماؤں کے ساتھ متعدد ملاقاتوں کے بعد کیا، خاص طور پر اس وقت جب امریکہ سے واپسی پر کویتا نے اپنے کزن اور سابق وزیر ٹی. ہریش راؤ اور دو سابق ارکان پارلیمنٹ پر کھلا حملہ بول دیا۔
کویتہ نے ہریش راؤ، سابق ایم پی جے سنتوش کمار اور سابق راجیہ سبھا رکن میگھا کرشنا ریڈی پر الزام لگایا کہ انہوں نے کے سی آر کا نام خراب کیا۔
ان کے بیانات ایسے وقت سامنے آئے جب وزیراعلیٰ اے. ریونت ریڈی نے اعلان کیا کہ کالیشورم پروجیکٹ میں مبینہ بے ضابطگیوں کی تحقیقات سی بی آئی کے سپرد کی جائیں گی۔
کویتہ نے کہا کہ کے سی آر عوام کے بارے میں سوچتے تھے لیکن ان کے ارد گرد موجود افراد نے ذاتی مفادات کے لیے بڑے ٹھیکیداروں سے ملی بھگت کی، جس کی وجہ سے سی بی آئی انکوائری شروع ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ بطور بیٹی وہ اس بات پر دکھی ہیں کہ ان کے والد کو سی بی آئی انکوائری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق تین ماہ قبل بھی کویتا کا ایک خط لیک ہوا تھا جس میں انہوں نے کے سی آر کے قریبی ساتھیوں کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔







