
خلیج اردو
لندن:لندن کے علاقے ہیز میں الیکٹریکل سب اسٹیشن میں بڑے پیمانے پر آگ بھڑک اٹھی، جس کے باعث 16 ہزار سے زائد گھر بجلی سے محروم ہو گئے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق آگ بجھانے کے لیے 70 سے زیادہ فائر فائٹرز مصروفِ عمل ہیں۔ بجلی نہ ہونے کے باعث ہیتھرو ایئرپورٹ کو مکمل طور پر بند کر دیا گیا، جب کہ 120 سے زائد پروازوں کا رخ موڑ دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق ہیتھرو ایئرپورٹ تک چلنے والی ٹرین سروس بھی مکمل طور پر معطل رہے گی۔ آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں، جبکہ متاثرہ علاقوں میں بجلی کی بحالی کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔







