
خلیج اردو
نئی دہلی: بھارت میں منعقد ہونے والے مس ورلڈ مقابلے میں اس وقت غیر معمولی صورت حال پیدا ہوگئی جب مس انگلینڈ "مِلا میگی” نے مقابلے کے دوران ہی علیحدگی اختیار کر لی۔ انہوں نے سخت الفاظ میں منتظمین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ایک پرفارمنگ منکی کی طرح پیش کیا گیا، اور تقریب کے دوران ایسا محسوس ہوا جیسے میں کوئی بازاری خاتون ہوں۔
مِلا میگی نے اپنے بیان میں کہا کہ "ہم عورتیں ہیں، تماشہ نہیں۔ ہم یہاں عزت اور وقار کے ساتھ اپنے ملک کی نمائندگی کے لیے آئے تھے، نہ کہ کسی کی تفریح کا ذریعہ بننے کے لیے۔”
یہ پہلا موقع ہے کہ مس ورلڈ مقابلے کی 74 سالہ تاریخ میں کسی مس انگلینڈ نے دورانِ مقابلہ احتجاجاً کنارہ کشی اختیار کی ہو۔ ان کے اس فیصلے نے عالمی سطح پر مسابقتی مقابلوں میں خواتین کے ساتھ برتاؤ پر ایک بار پھر سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
مِلا میگی کے اس اقدام کو سوشل میڈیا پر وسیع پیمانے پر سراہا جا رہا ہے، جب کہ انسانی حقوق کی تنظیموں نے بھی مس ورلڈ انتظامیہ سے وضاحت طلب کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔






