
خلیج اردو
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے تصدیق کی ہے کہ شارجہ سے کراچی آنے والا ایک کارگو طیارہ دورانِ پرواز لاپتا ہو گیا ہے۔ طیارے میں عملے کے پانچ افراد سوار تھے۔
ترجمان پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے مطابق پرواز کے دوران کارگو طیارے سے رابطہ منقطع ہو گیا۔ طیارے نے نیویگیشن سسٹم میں خرابی کی اطلاع دی تھی، جس پر ایوی ایشن حکام نے فوری طور پر رہنمائی فراہم کی۔
حکام کے مطابق اس کے بعد طیارہ اچانک تیزی سے نیچے آیا اور اپنی سمت تبدیل کر لی۔ کراچی سے تقریباً 155 ناٹیکل میل مغرب میں طیارہ ریڈار سے غائب ہو گیا جبکہ اسی وقت ریڈار اور مواصلاتی رابطہ بھی منقطع ہو گیا۔
ایئر ٹریفک کنٹرول کے مطابق پائلٹ نے آخری پیغام میں مے ڈے کال نہیں دی۔ حکام کا کہنا ہے کہ بظاہر ہنگامی صورتحال اتنی اچانک پیدا ہوئی کہ پائلٹ کو مے ڈے کال دینے کا موقع نہیں مل سکا۔
لاپتا کارگو طیارے کی تلاش کے لیے سمندر میں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے، جبکہ پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کی ٹیمیں بھی ریسکیو کارروائی میں حصہ لے رہی ہیں۔







