عالمی خبریں

ایران پر مزید سخت حملوں کا اعلان، امریکا کا دعویٰ بحری، فضائی اور دفاعی نظام تباہ کر دیا، آبنائے ہرمز بند ہوئی تو سخت جواب دیں گے

خلیج اردو
امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے کہا ہے کہ ایران سکولوں اور ہسپتالوں کے قریب سے میزائل داغ رہا ہے اور معصوم شہریوں کی شہادتوں پر جواز گھڑنے کی کوشش کر رہا ہے۔

نیوز کانفرنس میں انہوں نے اعلان کیا کہ آج ایران پر مزید شدید حملے کیے جائیں گے۔ ان کے مطابق امریکا نے ایران کی بحریہ، فضائیہ اور دفاعی نظام کو تباہ کر دیا ہے جبکہ میزائل پروگرام اور دفاعی صنعتی ڈھانچے کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔

پیٹ ہیگستھ نے کہا کہ آپریشن ایپک فیوری کے مقاصد اب بھی وہی ہیں اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ واضح کر چکے ہیں کہ ایران کو جوہری ہتھیار رکھنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

انہوں نے کہا کہ ایران نے اپنے پڑوسی ممالک کو نشانہ بنا کر بڑی غلطی کی ہے اور اگر ایران کی نئی قیادت، خصوصاً مجتبیٰ خامنہ ای جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں تو اس کے سنگین نتائج ہوں گے۔

امریکی وزیر دفاع نے خبردار کیا کہ اگر ایران نے آبنائے ہرمز سے تیل کی ترسیل روکنے کی کوشش کی تو امریکا اس کا سخت جواب دے گا۔

تجزیہ کاروں کے مطابق امریکی بیانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ واشنگٹن ایران پر فوجی دباؤ برقرار رکھتے ہوئے خطے میں توانائی کی ترسیل اور سکیورٹی کو ہر صورت یقینی بنانا چاہتا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button