پاکستانی خبریں

مولانا حامد الحق اپنے والد کے پہلو میں سپردِ خاک، دارالعلوم حقانیہ میں نمازِ جنازہ ادا

خلیج اردو
اکوڑہ خٹک: معروف عالمِ دین مولانا حامد الحق کو ان کے والد مولانا سمیع الحق کے پہلو میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔ ان کی نمازِ جنازہ دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک میں ادا کی گئی، جس میں اہم مذہبی و سیاسی شخصیات سمیت بڑی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔

جنازے کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک میں ہونے والے خودکش حملے کی تحقیقات میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔ حکام نے خودکش حملہ آور کے جسمانی اعضاء کے نمونے نادرا کو شناخت کے لیے ارسال کر دیے ہیں۔

تحقیقاتی ٹیموں نے مختلف مقامات سے سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی حاصل کر لی ہیں تاکہ حملہ آور کے مدرسے تک پہنچنے کے راستے کا تعین کیا جا سکے۔

آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید کا کہنا ہے کہ تحقیقات جاری ہیں اور ملوث دہشت گردوں کو ہر صورت گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے گی۔ اس سلسلے میں خیبرپختونخوا بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔

حملے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ سی ٹی ڈی کی جانب سے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ اگر کسی کو خودکش بمبار کے بارے میں کوئی معلومات ہوں تو وہ فوری اطلاع دیں۔ اطلاع فراہم کرنے والے کے لیے 5 لاکھ روپے انعام کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ مزید تحقیقات جاری ہیں اور سیکیورٹی ادارے حملے میں ملوث عناصر کو کیفرِ کردار تک پہنچانے کے لیے متحرک ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button