
خلیج اردو
اسلام آباد: قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور تحریک انصاف کے رہنما عمر ایوب نے حکومت کے معاشی استحکام کے دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے انہیں جھوٹا قرار دیا ہے۔
سلمان اکرم راجہ اور شبلی فراز کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمر ایوب کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف ملک میں استحکام کا دعویٰ کر رہے ہیں، لیکن حقیقت اس کے برعکس ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بدحالی کا شکار ہے، گندم کی پیداوار بحران کا شکار ہے، معیشت جمود کا شکار ہے، انڈسٹریاں بند ہو چکی ہیں، اور زراعت شدید مشکلات میں ہے۔
سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ ملک کی معیشت زبوں حالی کا شکار ہے، جبکہ بانی تحریک انصاف عمران خان پر 200 کے قریب مقدمات درج کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 26 نومبر کو جو کچھ ہوا، وہ سب کے سامنے ہے، اور اپوزیشن جماعتوں کو اکٹھا کیا جا رہا ہے تاکہ آئین و قانون کے ذریعے عمران خان کی رہائی ممکن بنائی جا سکے۔
سینیٹر شبلی فراز نے پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان جماعتوں نے پاکستان کی معیشت کو گروی رکھ دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت ان اداروں کو فروخت کر رہی ہے جن کے نقصانات کم ہیں، جبکہ جہاں ان کے مفادات متاثر ہوتے ہیں، وہاں فوری قانون سازی کر لی جاتی ہے۔
اپوزیشن رہنماؤں نے مزید کہا کہ حکومت نے پاور سیکٹر کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے، جبکہ سینیٹ میں خیبرپختونخوا کی نمائندگی نہ ہونے پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔






