
خلیج اردو
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا، آئی ایم ایف پروگرام میں بھی تعاون کیا، اور اب پاکستانی طلبہ کو اسکالرشپ فراہم کرکے تعلیم کے میدان میں پاکستان کی مدد کر رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے زرعی اسکالرشپ پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ چین سے اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کے تجربات سے پاکستان فائدہ اٹھائے گا اور یہ نوجوان دونوں ممالک کے درمیان پل کا کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ پروگرام میں چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور کشمیر سے تعلق رکھنے والے طلبہ شامل ہیں، اور نوجوان ہی پاکستان کو ترقی و خوشحالی سے ہمکنار کریں گے۔ ملک کی ترقی کے لیے تمام اکائیوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں چینی سفیر نے کہا کہ پاکستان اور چین درست سمت میں تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ چین کی ہمسائیہ ممالک سے سفارتی پالیسی کا مقصد دوستانہ اور شراکت دارانہ تعلقات کو فروغ دینا ہے۔ خوشگوار، محفوظ اور خوشحال ہمسائیگی کے اصولوں کو برقرار رکھنا چین کی خارجہ پالیسی کا بنیادی نکتہ ہے۔






