پاکستانی خبریں

وزیراعظم سے چینی اسپیس ٹیکنالوجی کمپنی گلیکسی اسپیس کے وفد کی ملاقات، اسپیس شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

خلیج اردو
اسلام آباد:وزیراعظم محمد شہباز شریف سے چین کی معروف اسپیس ٹیکنالوجی کمپنی گلیکسی اسپیس کے وفد نے چیئرمین زو منگ کی قیادت میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اسپیس ٹیکنالوجی کے شعبے کو انتہائی اہمیت دے رہا ہے اور چین پاکستان کا قابل اعتماد دوست اور اسٹریٹجک شراکت دار ہے۔

وزیراعظم نے واضح کیا کہ پاکستان چین کے ساتھ اسپیس ٹیکنالوجی، اسپیس سیٹلائیٹ، ٹیلی کمیونیکیشن اور سیٹلائیٹ انٹرنیٹ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔

گلیکسی اسپیس کے وفد نے پاکستان کی اسپیس ٹیکنالوجی انڈسٹری میں سرمایہ کاری اور پاکستانی اداروں و نجی ٹیلی کام کمپنیوں کے ساتھ مشترکہ منصوبوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ وفد کے ارکان نے بتایا کہ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام اور سپارکو کے حکام سے ہونے والی ملاقاتیں انتہائی مفید رہیں۔

وفد نے پاکستان میں پرتپاک میزبانی پر حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کام شزا فاطمہ، وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر توقیر شاہ اور متعلقہ اداروں کے افسران بھی موجود تھے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button