
خلیج اردو
ڈھاکہ: بنگلہ دیش کے آرمی چیف جنرل وقار الزمان نے کہا ہے کہ عام انتخابات رواں برس دسمبر تک مکمل ہونے چاہئیں تاکہ ملک کے مستقبل کا فیصلہ ایک منتخب حکومت کے ذریعے کیا جا سکے۔
ڈھاکہ چھاؤنی میں افسران سے خطاب کرتے ہوئے جنرل وقار الزمان نے واضح کیا کہ ملک میں کوئی بھی فیصلہ صرف منتخب حکومت کو ہی کرنا چاہئے اور تمام اقدامات آئینی اور قانونی طریقہ کار کے مطابق ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک کے نام پر تشدد اور افراتفری کو مزید برداشت نہیں کیا جائے گا، فوج اب عوامی انتشار پر سخت مؤقف اختیار کرے گی۔
جنرل وقار الزمان نے کہا کہ فوج عبوری حکومت کے ساتھ تعاون کر رہی ہے اور اس عمل کو جاری رکھے گی۔
بنگلہ دیشی میڈیا کے مطابق، بند کمرے میں افسران سے ملاقات کے دوران آرمی چیف نے آئندہ عام انتخابات، انسانی راہداریوں، بندرگاہوں پر کارروائیوں، اصلاحاتی ایجنڈے اور ہجومی تشدد سمیت اہم داخلی امور پر گفتگو کی۔






