
خلیج اردو
راولپنڈی: خضدار میں سکول بس پر ہونے والے دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والی طالبات کی تعداد چار ہو گئی ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ بزدلانہ حملہ بھارت کے سپانسرڈ دہشت گردوں نے کیا، جس کی منصوبہ بندی بھارت میں کی گئی اور بلوچستان میں موجود اس کی پراکسیز نے اس کو عملی جامہ پہنایا۔
سیکیورٹی ذرائع نے مزید بتایا کہ آٹھویں جماعت کی شدید زخمی طالبہ سحر سلیم بھی دم توڑ گئیں، یوں شہادتوں کی تعداد چار ہو گئی ہے۔ گزشتہ روز آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں تین طالبات کی شہادت کی تصدیق کی گئی تھی جن میں چھٹی جماعت کی ثانیہ سومرو، ساتویں جماعت کی حفظہ کوثر اور دسویں جماعت کی عائشہ سلیم شامل تھیں۔ واقعے میں متعدد دیگر بچے بھی زخمی ہوئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ میدان جنگ میں ذلت آمیز شکست اور رسوائی کے بعد بھارت نے اب بزدلانہ کارروائیوں کا سہارا لینا شروع کر دیا ہے۔ بھارت بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں بدامنی اور دہشت گردی کے لیے اپنے پراکسی نیٹ ورک کو استعمال کر رہا ہے، جو براہ راست خطے میں امن و استحکام کے لیے خطرہ ہے۔






