
خلیج اردو
نوشکی: بلوچستان کے ضلع نوشکی کے علاقے کلی محمد حسنی میں پولیو مہم کی سیکیورٹی پر مامور ٹیم پر مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار شہید ہو گیا۔ واقعے کے بعد پولیس اور لیویز فورس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بچوں کے محفوظ مستقبل کے لیے کام کرنے والی پولیو ٹیم پر حملہ ہرگز قابل برداشت نہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ ایسے شر پسند عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
ترجمان حکومت بلوچستان شاہد احمد رند نے بھی حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پولیو مہم ایک قومی فریضہ ہے اور اس پر حملہ نہ صرف ایک بزدلانہ کارروائی ہے بلکہ یہ ملک کے مستقبل سے دشمنی کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ حملہ ناقابل برداشت ہے اور حکومت ذمہ داروں کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچائے گی۔






