
خلیج اردو
تحریر: حافظ عبدالماجد
یوم تکبیر ہماری قومی تاریخ کا وہ سنہرا دِن ہے جس دِن پاکستان عالم اسلام کی پہلی ایٹمی قوت کے طورپر اُبھرا۔ 28مئی یہ وہ دِن ہے جس دِن پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہوگیا اور جنوبی ایشیاء میں طاقت کا توازن قائم ہوگیایہ دن یومِ تکبیر کے نام سے جانا پہچانا جاتا ہے یہ وہ دن تھاجب پاکستان نے چاغی کے پہاڑوں میں بھارت کے پانچ ایٹمی دھماکوں کے جواب میں چھ ایٹمی دھماکے کر کے دشمن کو واضح پیغام دیا کہ یہ ملک نہ صرف قائم ہے بلکہ تا قیامت سلامت رہے گا۔
ان دھماکوں کا پس منظر بھارتی جارحیت تھاجس نے 11 اور 13 مئی کو پوکھران میں پانچ ایٹمی تجربات کر کے خطے میں طاقت کا توازن بگاڑنے کی کوشش کی بھارت کا خیال تھا کہ پاکستان عالمی دباؤ اور معاشی مشکلات کے باعث جواب نہیں دے سکے گا۔ مگر 28 مئی کو پاکستان نے ایٹمی قوت کا مظاہرہ کر کے دنیا کو حیرت میں ڈال دیا۔ یہ صرف دھماکے نہیں تھے، بلکہ ایک خوددار قوم کی طرف سے اپنے دفاع، خودمختاری اور غیرت کی گونج تھی۔
اس تاریخی فیصلے کا کریڈٹ اس وقت کے وزیرِاعظم محمد نواز شریف کو جاتا ہے جنہوں نے غیر معمولی بین الاقوامی دباؤ اقتصادی پابندیوں اور عالمی طاقتوں کی دھمکیوں کے باوجود قومی مفاد کو ترجیح دی۔ اُن کی جرات مندانہ قیادت اور قومی حمیت نے ثابت کیا کہ پاکستان ایک خودمختار ریاست ہے جو اپنی بقا اور سالمیت کے لیے ہر حد تک جا سکتا ہے۔ ان کا یہ فیصلہ نہ صرف پاکستانی عوام کی امنگوں کا ترجمان تھا بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے تحفظ کی ضمانت بھی۔
پاکستان کی طرف سے ایٹمی دھماکوں کا بھرپور جواب دینے کے باجود بھارت اپنی حرکتوں سے باز نہ آیا اور کارگل کی لڑائی میں بھارتی فوج کو جس شکست کا سامنا کرنا پڑا وہ تاریخ کا روشن باب ہے۔ پھر 2019 میں جب بھارت نے بالاکوٹ میں فضائی دراندازی کی کوشش کی تو پاک فضائیہ نے دن دہاڑے دشمن کے دو جنگی طیارے مار گرائے جن میں ایک جدید رافیل طیارہ بھی شامل تھا۔ بھارتی پائلٹ ابھی نندن کی گرفتاری اور پھر اُس کی باعزت واپسی نے پاکستان کے عزم مہارت اور اخلاقی برتری کو عالمی سطح پر اجاگر کیا۔
حالیہ دنوں میں ایک بار پھر بھارت پر جنگی جنون سوار ہوا اور بھارت جنگی جنون میں مبتلا ہو کر پاکستان میں مساجد کو نشانہ بنایا اور بے گناہ بچوں کو شہید کردیا اس کے بعد بھارت نے ڈرون حملوں کا سلسلہ شروع کر دیا جس سے سرحدی کشیدگی میں شدت آ گئی دشمن یہ سمجھ بیٹھا تھا کہ پاکستان کی معیشت کمزور ہے ملک میں سیاسی عدم استحکام ہے تو کیوں نہ ان کمزوریوں کا فایدہ اٹھایا جائے مگر بزدل دشمن غلط فہمی مبتلا تھا پاک فوج نے نہ صرف دشمن کے ڈرونز کو نشانہ بنایا بلکہ بھارت کے اندر گھس کر جس طرح اس کی فوجی املاک کو تباہ و برباد کیا دنیا نے یہ منظر دیکھا پاک فضائیہ کے بہادر جوانوں نے جس طرح بھارتی غرور خاک میں ملایا وہ برسوں بھول نہیں پائے گا۔
پاکستان نے ہمیشہ خطے امن کی بات کی ہے مگر یہ امن کمزوری نہیں بلکہ طاقت کے توازن کے ساتھ مشروط ہے۔ ہمارا دفاع ناقابلِ تسخیر ہے ہماری مسلح افواج چوکنا اور تیار ہیں اور ہماری قوم ہر محاذ پر سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑی ہے۔
یوم تکبیر ہمیں موقع فراہم کرتا ہے کہ اس دن ہم پاکستان کے دفاع اور سلامتی کے عہد کی تجدید کریں۔یہ دن اس عہد کی تجدید کا بھی لمحہ ہے کہ ہم ملکی سالمیت اور تعمیر و ترقی کے فیصلوں میں ہمیشہ قومی مفاد کو مد نظر رکھیں۔







