عالمی خبریں

صدر ٹرمپ کی غزہ میں جنگ بندی کی پیش گوئی، فلسطینی صدر کا خط،جلد امن کی بڑی خبر متوقع

خلیج اردو
واشنگٹن / رام اللہ:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غزہ کی پٹی میں جاری جنگ کے خاتمے کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ "غزہ میں جنگ بندی بہت قریب ہے، اور جلد ہی بہت اچھی خبر سامنے آنے والی ہے، جس کا ہم سب کو شدت سے انتظار کر رہے ہیں۔”

صدر ٹرمپ نے غزہ میں اسرائیل اور حماس کے درمیان جاری جنگ کے خاتمے کے لیے بڑی پیش رفت کا عندیہ دیا ہے۔ ان کے اس بیان نے عالمی سطح پر امن کی امید کو تقویت دی ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب غزہ میں انسانی بحران اپنی انتہا کو پہنچ چکا ہے۔

دوسری جانب فلسطینی صدر محمود عباس نے امریکی صدر کو ایک اہم خط لکھا ہے جس میں انہوں نے غزہ میں فوری جنگ بندی کے لیے کردار ادا کرنے کی اپیل کی۔ خط میں فلسطینی صدر نے ٹرمپ سے کہا کہ:

"ہمیں آپ پر اعتماد ہے۔ آپ وہ شخصیت ہیں جو تاریخ بدل سکتی ہے۔ اسرائیلی قبضے کے خاتمے اور پائیدار امن کے لیے ایک جامع معاہدے کی اشد ضرورت ہے۔”

محمود عباس نے مزید لکھا کہ فلسطینی عوام کی نسلوں سے چھینی گئی امن کی فضا کی بحالی ان کی اولین ترجیح ہے، اور امید ظاہر کی کہ امریکہ اس راہ میں مثبت کردار ادا کرے گا۔

خط کے بعد دونوں رہنماؤں کے بیانات نے اس تاثر کو مزید مضبوط کیا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کے لیے سفارتی کوششیں فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکی ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button