
خلیج اردو
ممبئی: بالی ووڈ کی معروف اداکارہ کرشمہ کپور نے اپنے سابق شوہر، ارب پتی صنعت کار سنجے کپور کے انتقال کے بعد ان کی 31 ہزار کروڑ روپے کی دولت میں سے بچوں کے حصے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کرشمہ کپور نے باضابطہ طور پر سابق شوہر کی جائیداد میں سے حصہ طلب کیا ہے، تاہم اس حوالے سے اداکارہ نے تاحال کوئی عوامی بیان جاری نہیں کیا۔
کرشمہ کپور اور سنجے کپور کی شادی 2003 میں ہوئی تھی، جس سے ان کے دو بچے، بیٹی سمرن اور بیٹا کیان پیدا ہوئے۔ تاہم شادی کے چند سال بعد ہی دونوں کے درمیان اختلافات شدت اختیار کر گئے تھے اور 2014 میں دونوں نے علیحدگی کا فیصلہ کیا، جس کے بعد 2015 میں ان کی طلاق ہو گئی۔
طلاق کے بعد 2016 میں کرشمہ کپور نے سابق شوہر سنجے کپور پر گھریلو تشدد، جنسی غلامی اور دیگر سنگین الزامات بھی عائد کیے تھے۔ اداکارہ نے دعویٰ کیا تھا کہ سنجے کپور نے شہرت اور دولت کی لالچ میں ان سے شادی کی اور ہنی مون کے دوران ہی انہیں اپنے مرد دوستوں کے ساتھ تعلقات قائم کرنے پر مجبور کیا۔
رواں برس جون میں سنجے کپور 53 سال کی عمر میں ہارٹ اٹیک کے باعث انتقال کر گئے، جس کے بعد ان کی جائیداد اور کمپنی کے حصص پر تنازع کھڑا ہو گیا۔ سنجے کپور کی والدہ نے میڈیا سے گفتگو میں انکشاف کیا کہ بیٹے کی موت کے فوراً بعد ان پر جائیداد کے کاغذات پر دستخط کرنے کے لیے دباؤ ڈالا گیا۔
فری پریس جرنل کے مطابق سنجے کپور کی والدہ نے اگرچہ کرشمہ کپور کا براہ راست نام نہیں لیا، تاہم بھارتی میڈیا رپورٹس میں بتایا جا رہا ہے کہ اداکارہ نے اپنے بچوں کے قانونی حق کے طور پر 31 ہزار کروڑ روپے کی ملکیت میں سے حصہ مانگا ہے۔






