عالمی خبریں

لندن میں ایک ہفتہ طویل ٹیوب ہڑتال کا اعلان، شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہوگا

خلیج اردو
لندن: دارالحکومت میں اس ہفتے کے آخر سے شروع ہونے والی ٹیوب ہڑتال نے شہریوں کو شدید مشکلات میں ڈالنے کی تیاری کر لی ہے۔ ہڑتال جمعہ 5 ستمبر کی شام سے شروع ہو کر جمعرات 11 ستمبر 2025 تک جاری رہے گی جس سے پورے لندن انڈر گراؤنڈ نیٹ ورک پر سفر متاثر ہوگا۔

ذرائع کے مطابق بیکرلو، سنٹرل، سرکل، ڈسٹرکٹ، جوبلی، میٹروپولیٹن، نادرن، پکاڈیلی، وکٹوریا اور واٹر لو اینڈ سٹی سمیت تمام ٹیوب لائنز پر سروس بری طرح متاثر ہوگی۔

پہلا مرحلہ 5 سے 7 ستمبر تک ڈپو عملے اور کنٹرول سینٹر کے کارکنوں کی ہڑتال پر مشتمل ہوگا۔ اس کے بعد 8، 9، 10 اور 11 ستمبر کو روزانہ مختلف گروپس ہڑتال کریں گے جس کے باعث ٹرینیں یا تو بالکل نہیں چلیں گی یا محدود ہوں گی۔ اسی دوران 9 اور 11 ستمبر کو ڈاک لینڈز لائٹ ریلوے (DLR) بھی مکمل طور پر بند رہے گی۔

ہڑتال کی وجہ ریل، میری ٹائم اینڈ ٹرانسپورٹ یونین (RMT) اور لندن انڈر گراؤنڈ انتظامیہ کے درمیان تنخواہوں، سخت ڈیوٹی اوقات، تھکن کے مسائل اور وعدوں کی تکمیل نہ ہونے پر تنازع بتایا جا رہا ہے۔

ٹرانسپورٹ فار لندن (TfL) کے مطابق اوور گراؤنڈ، الیزابیتھ لائن، بسیں اور نیشنل ریل معمول کے مطابق چلیں گی لیکن رش اور تاخیر کا سامنا لازمی ہوگا۔ فضائی سفر کرنے والے مسافروں کو بھی متبادل راستے اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

حکام نے شہریوں کو پیشگی منصوبہ بندی کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ آخری وقت پر بات چیت کامیاب ہونے کی صورت میں ہڑتال منسوخ بھی ہو سکتی ہے لیکن فی الحال ایک ہفتے طویل سفری افراتفری کے آثار نمایاں ہیں۔

London set for week-long Tube strike from September 5 to 11

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button