خلیجی خبریںپاکستانی خبریں

پاکستان کی سعودی عرب سے 5 ارب ڈالر ڈپازٹ کو 10 سالہ سہولت میں بدلنے اور 5 ارب ڈالر کی موخر ادائیگی پر تیل فراہمی کی درخواست، اقتصادی تعاون بڑھانے کیلئے اہم تجاویز

خلیج اردو
پاکستان نے سعودی عرب کے ساتھ طویل مدتی اقتصادی تعاون کے تحت اہم مالی سہولیات کے حصول کے لیے متعدد تجاویز پیش کر دی ہیں۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے مجموعی طور پر آٹھ درخواستیں سعودی حکام کے سامنے رکھی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے موجودہ مختصر مدت کے 5 ارب ڈالر کے ذخائر کو 10 سالہ طویل مدتی سہولت میں تبدیل کرنے کی درخواست کی ہے تاکہ زرمبادلہ کے ذخائر کو زیادہ مستحکم بنایا جا سکے۔

اس کے علاوہ موخر ادائیگی کی بنیاد پر تیل کی فراہمی کی سہولت کو موجودہ 1 اعشاریہ 2 ارب ڈالر سے بڑھا کر 5 ارب ڈالر کرنے اور اس کی مدت میں توسیع کی تجویز بھی پیش کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی تقریباً 10 ارب ڈالر کی رقوم کو حصص میں تبدیل کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے تاکہ سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکیں۔

حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ان تجاویز کا مقصد موجودہ عالمی معاشی دباؤ کے دوران پاکستان کی معیشت کو سہارا دینا اور توانائی کی ضروریات کو مستحکم بنیادوں پر پورا کرنا ہے۔

ماہرین کے مطابق اگر سعودی عرب کی جانب سے ان تجاویز کی منظوری مل جاتی ہے تو پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر اور توانائی کی فراہمی دونوں کو نمایاں سہارا مل سکتا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button