خلیج اردو: سعودی عرب کی ایران کے بعد شام سے بھی تعلقات کی راہیں ہموار ہونے لگی ہیں۔
خلیجی ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی عرب اور شام باہمی تعلقات بحالی کے تحت سفارت خانے دوبارہ کھولنے پر رضامند ہو گئے ہیں، سعودی عرب اور شام کے درمیان ایک دہائی سے زیادہ عرصے سے تعلقات منقطع تھے۔
خلیج کے علاقائی اور سفارتی ذرائع کا خبر ایجنسی سے گفتگو میں کہنا تھا کہ سعوی عرب اور شام عید الفطر کے بعد سفارت خانے دوبارہ کھولنے کی تیاری کر رہے ہیں۔
سفارتی ذرائع کے مطابق سفارت خانے کھولنے کا فیصلہ سعودی عرب میں شامی سینیئر انٹیلی جنس اہلکار کے ساتھ بات چیت میں ہوا ہے، ایران سے تعلقات بحالی کے اعلان کے بعد شام اور سعودی عرب رابطوں میں تیزی آئی ہے۔
دوسری جانب سعودی اور شامی حکام نے خبر پر ابھی کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔
شام میں 2011 کی خانہ جنگی کے بعد سے بیشتر عرب ریاستوں نے شام سے تعلقات منقطع کیے ہوئے ہیں۔
گزشتہ دنوں مشرق وسطیٰ کی سیاست میں اہم پیشرفت اس وقت سامنے آئی تھی، جب ایران اور سعودی عرب سفارتی تعلقات کی بحالی پر رضامند ہوگئےتھے