
خلیج اردو
غزہ/ مغربی کنارہ: فلسطین اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی میں کمی کے لیے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں حماس نے 4 اسرائیلی قیدیوں کی لاشیں انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس کے حوالے کر دی ہیں۔
جبکہ اسرائیل نے جوابی اقدام کے طور پر 620 فلسطینی قیدیوں کو جیل سے رہا کر دیا ہے۔
اس دوران اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے میں آپریشن جاری رکھا، جہاں نابلس میں مظاہرین پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک فلسطینی شہید اور 11 زخمی ہو گئے۔
دوسری جانب غزہ میں شدید سردی کے باعث 6 بچے جان کی بازی ہار گئے، جبکہ تلکرم سے 12 ہزار فلسطینیوں کو جبری بے دخلی کا سامنا کرنا پڑا۔
ادھر مصر نے اسرائیل کی جانب سے غزہ کا کنٹرول سنبھالنے کی تجویز سختی سے مسترد کر دی ہے۔ مصری وزیر خارجہ تمیم خلف نے واضح کیا کہ آزاد فلسطینی ریاست سے ہٹ کر کوئی بھی حل قابلِ قبول نہیں۔
انہوں نے کہا کہ غزہ کی پٹی، مقبوضہ مغربی کنارہ اور مشرقی بیت المقدس فلسطینی علاقوں کا اٹوٹ حصہ ہیں۔
ماہرین کے مطابق، خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور انسانی بحران کے پیش نظر عالمی برادری کو فوری اقدامات کرنے کی ضرورت ہے تاکہ مزید جانی نقصان کو روکا جا سکے۔







