خلیجی خبریں

سعودی ڈرامہ "معاویہ” پر عرب دنیا میں تنازع، عراق میں نشریات پر پابندی الازہر کے عالم کا ناظرین کو اجتناب کا مشورہ

خلیج اردو
مصر: رمضان میں نشر ہونے والے سعودی براڈکاسٹر ایم بی سی کے ڈرامہ سیریل "معاویہ” نے عرب دنیا میں تنازع کھڑا کر دیا ہے، اور بعض ممالک میں اس پر پابندی بھی عائد کر دی گئی ہے۔

مصر کی اعلیٰ مذہبی اتھارٹی الازہر کے سینئر عالم عبد الفتاح عبد الغنی الاواری نے ناظرین کو اس ڈرامے سے اجتناب کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ڈرامے میں حضرت معاویہ بن ابی سفیانؓ کی تصویر کشی کی گئی ہے، جو مذہبی طور پر ممنوع سمجھی جاتی ہے۔ تاہم، الازہر نے تاحال اس ڈرامے پر باضابطہ فتویٰ جاری نہیں کیا۔

دوسری جانب عراق میں حکام نے اس ڈرامے پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے، یہ کہتے ہوئے کہ اس سے "فرقہ وارانہ تنازعات” پیدا ہو سکتے ہیں اور "سماجی امن” کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ عراق کے کمیونیکیشن اینڈ میڈیا کمیشن نے ایم بی سی عراق کو حکم دیا ہے کہ وہ اس کی نشریات فوری بند کرے، بصورت دیگر قانونی کارروائی کا سامنا کرے گا۔

ڈرامے کے اسکرین رائٹر خالد صلاح نے تنازع پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ "یہ اقتدار کی محض ایک کہانی نہیں، بلکہ ایک ایسے شخص کا سفر ہے، جس نے وقت اور حالات کے مطابق خود کو ڈھالا اور مشکلات کے درمیان حکمت عملی اپنائی۔”

میڈیا تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ تنازع ڈرامے کی مقبولیت میں مزید اضافہ کرے گا، جیسا کہ ماضی میں "عمر” اور دیگر متنازع سیریلز کے ساتھ ہوا تھا۔ ایم بی سی نے تاحال اس معاملے پر باضابطہ بیان جاری نہیں کیا، تاہم یہ سیریل ان کے اسٹریمنگ پلیٹ فارم "شاہد” پر دستیاب ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button