
خلیج اردو: ایران کے جنوبی علاقے میں ہفتے کے روز شدید زلزلہ آیا ہے اوراس کے جھٹکے دبئی سمیت متحدہ عرب امارات کے مختلف علاقوں میں محسوس کیے گئے ہیں۔
متحدہ عرب امارات کے قومی مرکزِموسمیات (این سی ایم) نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ملک کے جن علاقوں میں مکینوں نے زلزلے کو محسوس کیا،وہاں یہ ’’بغیرکسی اثر کے‘‘ تھا۔
ایران کے سرکاری ذرائع ابلاغ کی اطلاع کے مطابق جنوبی صوبہ ہرمزگان میں دوشدید زلزلے آئے ہیں جس کے نتیجے میں حکام نے متاثرہ علاقوں میں امدادی ٹیمیں روانہ کردی ہیں۔
مبیّنہ طور پر زلزلوں کی ریختراسکیل پر شدت 5۰7 اور5۰8 تھی۔ یورپ بحرمتوسط زلزلہ پیما مرکز (ای ایم ایس سی) نے بتایا کہ ایک زلزلے کی شدت 5.5 تھی۔
صوبہ ہرمزگان میں ہلال احمر کے سربراہ مختار صلاح شور نے سرکاری ٹی وی کو بتایا کہ ہمیں ابھی تک شدید نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے لیکن ان زلزلوں سے بڑے علاقے متاثرہوئے ہیں اور نقصانات کے جائزے کا کام جاری ہے۔
ہفتے کو ان زلزلوں سے پہلے 15 جون کو ایران کے جنوبی جزیرے کیش میں تین زلزلے آئے تھے۔ ان کے جھٹکے دبئی اورخلیج عرب کے دیگر علاقوں میں بھی محسوس کیے گئے تھے۔
امریکی ارضیاتی سروے نے تب بتایا کہ آبنائے ہرمز کے قریب جزیرے میں پہلے 5.3 کی شدت کا زلزلہ آیا تھا اور اس کے بعد 4.7 کی شدت کے دوجھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔
ایران زلزلوں کی فالٹ لائن پر واقع ہے اور یہاں اوسطاً دن میں ایک بھونچال آتا ہے۔2003ءمیں 6.6 شدت کے زلزلے نے تاریخی شہر بام کوزمین بوس کردیا تھا۔اس کے نتیجے میں 26,000 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ 2017 میں مغربی ایران میں آنے والے 7 کی شدت کے زلزلے میں 600 سے زیادہ افراد ہلاک اور 9000 سے زیادہ زخمی ہوئے تھے۔