خلیجی خبریں

امریکہ کی قطر کو سیکیورٹی کی ضمانت، اسرائیلی حملے کے بعد ایگزیکٹو آرڈر جاری

خلیج اردو
واشنگٹن: امریکہ نے قطر کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے بڑا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی مسلح حملے کو واشنگٹن پر حملہ تصور کیا جائے گا اور قطر کے دفاع کے لیے ہر ممکن قدم اٹھایا جائے گا۔ یہ اعلان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایگزیکٹو آرڈر میں کیا گیا۔

ایگزیکٹو آرڈر میں کہا گیا کہ غیر ملکی جارحیت کے خطرات کے پیش نظر امریکہ قطر کی سلامتی اور علاقائی خودمختاری کی ضمانت دیتا ہے۔ اگر قطر پر حملہ ہوا تو امریکہ اپنے مفادات اور قطر کے دفاع کے لیے سفارتی، معاشی اور ضرورت پڑنے پر فوجی اقدامات بھی کرے گا تاکہ امن و استحکام بحال کیا جا سکے۔

یہ فیصلہ 9 ستمبر کو اسرائیلی حملے کے بعد سامنے آیا ہے جس میں قطر میں فلسطینی تنظیم حماس کے رہنماؤں کو نشانہ بنایا گیا تھا، جو امریکی امن منصوبے پر گفتگو کر رہے تھے۔

امریکی حکام کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم بنیامن نیتن یاہو نے پیر کو وائٹ ہاؤس سے قطر کے وزیر اعظم کو فون کر کے حملے پر معذرت کی اور یقین دہانی کرائی کہ دوبارہ ایسا نہیں ہوگا۔ نیتن یاہو اس وقت صدر ٹرمپ سے ملاقات کے لیے واشنگٹن میں موجود تھے۔

واضح رہے کہ قطر خلیج میں امریکہ کا اہم اتحادی ہے اور وہاں العدید ایئر بیس قائم ہے جو خطے میں امریکی سنٹرل کمانڈ کے ہیڈکوارٹر کے طور پر استعمال ہوتا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button