خلیج اردو
نیروبی: کینیا میں قتل ہونے والے پاکستان کے نامور صحافی ارشد شریف قتل کیس میں بڑی پیشرفت ہوئی ہے اور اس حوالے سے قتل کی تحقیقات کرنے والی پاکستانی ٹیم نے کینیا حکام سے ملاقات کی ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ملاقات میں کینیا حکام نے پاکستانی تحقیقاتی ٹیم کو بریفنگ دی اور ابتک کی حاصل شدہ معلومات کا تبادلہ کیا گیا۔
پاکستانی ٹیم کو کینیا حکام کی جانب سے جائے وقوعہ کا دورہ کرایا جائے گا۔ یہ بھی بتایا جائے گا کہ قتل کس مقام پر کیسے ہوا اور اس کے بعد کے کیا اقدامات ہوئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ارشد شریف کا لیپ ٹاپ اور موبائل فون پاکستان حکام کے حوالے کیے جائیں گے۔ پاکستانی ٹیم کی ان پولیس اہلکاروں سے ملاقات کرائی جائے گی جو ارشد شریف پر فائرنگ کے واقعے میں ملوث تھے۔
تحقیقاتی ٹیم دیگر مشتبہ افراد سے بھی پوچھ گچھ کرے گی۔ ارشد شریف کی گاڑی کا بھی معائنہ ہوگا اور اس حوالے سے فورانزک ایکسپرٹ کی مختلف رپورٹ کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔