خلیج اردو
اسلام آباد: سابق مشیر برائے عمران خان شہزاد اکبر ، اداکارہ صوفیہ مرزا اور سابق ڈی جی ایف آئی اے ثناءاللہ عباسی کے خلاف اسلام آباد کے تھانہ سیکرٹریٹ میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔ صوفیہ مرزا کے سابق شوہر عمر فاروق کی مدعیت میں فراڈ اور ریکارڈ ٹیمپرنگ کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔
میڈیا کو جاری کی گئی تفصیلات کے مطابق ایف آئی آر کے متن میں لکھا ہے کہ ملزمان نے جھوٹے مقدمے درج کرائے، شہزاد اکبر اور ثنا اللہ عباسی نے جعلی وارنٹس تیار کروائے، بوگس عدالتی دستاویزات تیار کیں، غیر قانونی طور پر عدالتی ریکارڈ تیار کرکے انتقام کا نشانہ بنایا۔
ایف آئی آر کے مطابق شہزاد اکبر اور صوفیہ مرزا نے من گھڑت کہانی کے تحت کارروائی کرائی۔ حقائق چھپا کر عمران خان کی کابینہ کو گمراہ کیا۔ ایف آئی اے کے دو افسران بھی میرے خلاف سازش میں ملوث تھے، مقدمات کا مقصد عمر ظہور کا نام انٹرپول کے ڈیٹا میں شامل کرانا تھا۔
مقدمہ مدعی عمر فاروق نے میاں علی اشفاق کو اپنا وکیل مقرر کر لیا ہے جو عمر فاروق ظہور کے تمام کیسز کی پیروی کریں گے۔