پاکستانی خبریں

ریاستی اداروں بالخصوص افواج پاکستان کے خلاف جاری ڈیجیٹل دہشتگردی مذموم سیاسی مقاصد کے حصول کےلئے بیرونی سہولت کاروں کی مدد کے ساتھ کی جا رہی ہے،پاک فوج

خلیج اردو
اسلام آباد:آرمی چیف جنرل سید عاصم منیرکی زیرصدارت فارمیشن کمانڈرز کانفرنس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا ہے کہ ملک کے وسیع ترمفاد میں لازمی ہے کہ 9 مئی کے منصوبہ سازوں،مجرموں،حوصلہ افزائی کرنے والوں اور سہولت کاروں کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے۔

 

افواج پاکستان کے ترجمان ادارے آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس کے شرکا نے زور دیا کہ ریاستی اداروں بالخصوص افواج پاکستان کے خلاف جاری ڈیجیٹل دہشتگردی مذموم سیاسی مقاصد کے حصول کےلئے بیرونی سہولت کاروں کی مدد کے ساتھ کی جا رہی ہے۔

 

آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستانی قوم جھوٹ اور پروپیگنڈا کرنے والوں کے مذموم اور مکروہ عزائم سے پوری طرح باخبر ہے اور اِن ناپاک قوتوں کے مذموم ارادوں کو مکمل اور یقینی شکست دی جائے گی۔قانون کی عمل داری کو قائم کرنے اور 9 مئی کے مجرمان کے خلاف فوری اور شفاف عدالتی اور قانونی کارروائی کے بغیر ملک ایسے سازشی عناصر کے ہاتھوں ہمیشہ یرغمال رہے گا۔

 

فورم نے پائیدار اقتصادی ترقی اور غیر قانونی سرگرمیوں بشمول سمگلنگ۔۔۔ذخیرہ اندوزی۔۔۔۔بجلی چوری کو روکنے۔۔۔۔وَن ڈاکومنٹ رجیم۔۔۔غیر قانونی غیر ملکی تارکین کی باعزت وطن واپسی سمیت قومی ڈیٹا بیس کی حفاظت کیلئے مختلف شعبوں میں حکومت کے اقدامات کی مکمل حمایت کرنے کے بھی عزم کا اظہار کیا۔

 

فورم نے سرحد پار سے مسلسل خلاف ورزیوں اور افغان سرزمین کو استعمال کرتے ہوئے دہشتگردی کی منصوبہ بندی پر سخت تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے دشمن پاکستان کے اندرسکیورٹی فورسز اورمعصوم شہریوں کو نشانہ بنانے کیلئے افغانستان کو استعمال کر رہے ہیں۔

 

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے مختلف مشقوں کے دوران فارمیشنز کی اعلیٰ و معیار ی تربیت اور انسداد دہشتگردی کی کارروائیوں میں افسران اور جوانوں کی شاندار کارکردگی کو سراہا۔شرکاء نے حاضر سروس، ریٹائرڈ افسران اور جوانوں کی تربیت، انتظامیہ اور فلاح و بہبود کے لیے فوجی سطح پر کئے جانے والے اقدامات پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا

 

 

 

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button