
خلیج اردو
اسلام آباد: پاکستان کے دارلحکومے اسلام آباد میں کسان اتحاد نے اپنے مطالبات کے حق میں دیا جانے والا دھرنا ختم کردیا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق حکومت اور کسان اتحاد میں مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد کسان پرامن طور پر منتشر ہوگئے۔
اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں مطالبات کیلئے دھرنا دینے والے کسانوں اور حکومت میں مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں۔ کسان اتحاد کے نمائندے 28 ستمبر کو وزیر اعظم سے ملاقات میں اپنے مطالبات سامنے رکھیں گے
یوریا کھاد کی قیمتوں میں اضافے، زرعی ٹیکسوں اور بجلی کے بلوں میں فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کو لے کر احتجاج کرنے والے کسانوں نے حکومتی یقین دہانی پر دھرنا ختم کیا۔۔ کسان رہنما خالد کھوکر کا کہنا ہے کہ حکومت کو اپنے پاور شو سے ثابت کیا کہ حکومت کو مطالبات تسلیم کرنا ہونگے۔
کسان رہنماؤں نے اسلام آباد پولیس کے رویے کو افسوسناک قرار دیا۔ پی ٹی آئی کے رہنما شاہ محمود قریشی کو احتجاج سے مبینہ طور پر روکنے کے واقعے کی مذمت کی۔ دوسری طرف اسلام آباد پولیس نے شاہ محمود قریشی کے الزامات پر کہا ہے کہ شاہ محمود نے پولیس کے کام میں رکاؤٹ ڈالی لیکن اسلام آباد پولیس نے صبروتحمل کا مظاہرہ کیا۔
اس سے قبل سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک ویڈیو کے بارے میں بتایا گیا تھا کہ سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی جب اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں کسان دھرنے میں جارہے تھے تو پولیس نے ان کو روک لیا۔ شاہ محمود قریشی پولیس اہلکاروں پر برہم بھی ہوئے۔