خلیج اردو
پشاور : صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے علاقے بُڈھ بیر میں درمیانی شب نامعلوم شدت پسندوں کی جانب سے ہتھیاروں سے حملہ ۔ مضافاتی علاقے بڈھ بیر میں تھانہ سربند پردہشتگردوں کے حملے کے نتیجے میں فائرنگ سےڈی ایس پی سمیت 3 اہلکار شہید ہو گئے ہیں۔
پشاور پولیس کے مطابق دہشتگردوں نے تھانے پر اچانک حملہ کردیا، دہشتگردوں نے حملے کیلئے فائرنگ کے علاوہ دستی بم بھی استعمال کیے۔
پشاور کے سینیئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) کا کہنا ہے کہ سربند تھانے پر دہشتگرد حملے اور فائرنگ کے تبادلے میں ڈی ایس پی بڈھ بیرسردار حسین سمیت 3 اہلکار شہید ہو گئے ہیں جبکہ 2 اہلکاروں کے زخمی ہونے کے بھی اطلاعات ہیں۔
ایس ایس پی پشاور کے مطابق پولیس اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے، مزید نفری طلب کرلی گئی ہے جبکہ سیکیورٹی اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔
یاد رہے 2013 میں بڈھ بیر کے علاقے میں ایک گریڈ سٹیشن پر نامعلوم شدت پسندوں کی جانب سے حملہ کیا گیا تھا،حکام کے مطابق شدت پسندوں نے 500 کے وی گرڈ اسٹیشن پر سات راکٹ فائر کیے جس سے گرڈ اسٹیشن میں آگ لگ گئی اور وہ مکمل طور پر تباہ ہو گیاتھا جبکہ فائرنگ کے بعد شدت پسندوں نے 8 افرادکو قتل کیا تھا جبکہ 4 افراد کو اغواءکرکے ان کی لاشیں پھینک دی تھی ۔۔