
خلیج اردو
اسلام آباد : موخر ادائیگی کی بنیاد پر پٹرولیم مصنوعات کی درآمد شروع ہوگئی ہے۔ سعودی تیل کی سہولت کے تحت پہلا آئل ٹینکر مارچ کے تیسرے ہفتے میں پاکستان آئے گا، سعودی سفیر کہتے ہیں کہ سعودی عرب پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں مزید مضبوط کردار ادا کرنے کیلئے پرعزم ہے۔
پاکستان کے وفاقی وزیر اقتصادی امور عمر ایوب خان سے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی اور سعودی ترقیاتی فنڈ کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر سعود عید آر الشمری نے ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں سعودی تیل کی سہولت، جاری ترقیاتی منصوبوں اور نئے اقدامات پر بھی گفتگو کی گئی۔
وزیر اقتصادی امور عمر ایوب خان نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی درآمد کے لیے 1.2 بلین امریکی ڈالر کی سعودی تیل کی سہولت پر شکریہ ادا کرتے ہیں،
اعلامیے کے مطابق، سعودی آئل فیسیلٹی کے تحت پہلا آئل ٹینکر مارچ 2022 کے تیسرے ہفتے میں پاکستان آنے کی توقع ہے۔ پاک عرب ریفائنری لمیٹڈ اور نیشنل ریفائنری لمیٹڈ سعودی عرب سے ماہانہ 100 ملین ڈالر تک کی پٹرولیم مصنوعات درآمد کی جائیں گی۔
سعودی سفیر نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ہر سطح پر تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کروائی۔







