خلیج اردو – وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں علی الاصبح 31 توپوں جبکہ چاروں صوبائی دارالحکومتوں، کوئٹہ، کراچی، لاہور اور پشاور سمیت گلگت اور مظفر آباد میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔
جشن آزادی کے موقع پر ملک کی تمام اہم اور سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم لہرایا گیا اور جشن آزادی کی مناسبت سے انہیں خوبصورتی سے سجایا گیا ہے۔
خیال رہے کہ کورونا وائرس کے باعث وزارت صحت کی جانب سے جشن آزادی کی تقریبات میں خاص احتیاط برتنے کی ہدایات جاری کی گئی تھیں۔
جشن آزادی کی مرکزی تقریب ایوان صدر میں منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی صدر مملکت عارف تھے اورتقریب میں وفاقی وزرا سمیت اعلیٰ سول اور عسکری حکام نے شرکت کی۔
صبح سویرے کراچی میں مزار قائد پر گارڈ کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں پاکستان نیول اکیڈمی کے 2 دستوں نے گارڈ کے فرائض سنبھالے۔
دوسری جانب لاہور میں شاعر مشرق علامہ اقبال کی آخری آرام گاہ پر بھی گارڈز کے تبدیلی کی تقریب ہوئی اور مزار اقبال پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئیں۔
بعدازاں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے صوبائی وزرا اور اعلیٰ افسران کے ہمراہ مزار اقبال پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔






