پاکستانی خبریں

شہدا ء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا ، پاکستان کے عوام کا تحفظ مسلح افواج کی اولین ترجیح رہے گا، کور کمانڈرز کانفرنس

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیر صدارت 270ویں کور کمانڈرز کانفرنس، دہشت گردی کے خلاف قومی عزم کے اعادے اور دشمن قوتوں کے خلاف مؤثر دفاعی حکمت عملی پر زور

خلیج اردو
راولپنڈی: 22 مئی 2025
چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری) کی زیر صدارت 270ویں کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی جس کا آغاز بلوچستان کے ضلع خضدار میں دہشت گردانہ حملے کے شہداء اور آپریشن بنیان مرصوص کے دوران شہید ہونے والوں کے ایصالِ ثواب کے لیے دعا سے کیا گیا۔

کانفرنس میں اس دہشت گرد حملے کو بھارت کی پشت پناہی سے سرگرم پراکسیز کی بربریت قرار دیا گیا، جس میں چار معصوم بچے اور دو بے گناہ شہری شہید ہوئے۔ فورم نے نہتے شہریوں، خاص طور پر بچوں کو دانستہ نشانہ بنانے کو انسانیت کے اصولوں اور بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا۔

شرکاء کانفرنس نے معرکہ حق کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور عوام کا تحفظ مسلح افواج کی اولین ترجیح رہے گی۔ فورم نے فیلڈ مارشل کی سٹریٹجک وژن، غیر متزلزل قیادت اور قومی دفاع کے لیے ان کی مؤثر خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں فیلڈ مارشل کے اعزاز پر مبارکباد پیش کی۔

فورم نے اندرونی و بیرونی سلامتی چیلنجز، مجموعی سیکیورٹی صورتحال اور آپریشن بنیان مرصوص کی کامیاب تکمیل کا جائزہ لیا۔ پیشہ وارانہ مہارت، بین الادارہ جاتی ہم آہنگی، بلند حوصلے اور عوامی حمایت کو پاکستان کی دفاعی کامیابی کا محور قرار دیا گیا۔

میڈیا اور انفارمیشن وارئیرز کی بھارتی پروپیگنڈے کے خلاف قومی بیانیہ کی مؤثر ترجمانی پر تعریف کی گئی، جبکہ نوجوانوں کی قومی جذبے سے لبریز شراکت کو سراہتے ہوئے کہا گیا کہ انہوں نے قومی روح کو اجاگر کیا۔

فورم نے سیاسی قیادت کو بھی خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے معرکہ حق میں قوم کی مؤثر رہنمائی کی۔ بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کے مؤثر دفاعی ردعمل کو مثالی اور واضح تزویراتی حکمت عملی کا مظہر قرار دیا گیا۔

فورم نے واضح کیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے ہر قسم کی بیرونی جارحیت کا مکمل آپریشنل تیاری سے مقابلہ کرے گا۔ فورم نے بھارت کی سرپرستی میں دہشت گردی پھیلانے کی کوششوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کبھی بھی اپنے امن پر سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

فورم نے سیکیورٹی اداروں کے درمیان ہم آہنگی کو قومی تحفظ کی ضمانت قرار دیتے ہوئے اعلان کیا کہ تمام دشمن عناصر کو مکمل قومی عزم اور استعداد کے ساتھ نیست و نابود کیا جائے گا۔

شرکاء نے مشرقی سرحد اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر شدید تشویش ظاہر کرتے ہوئے اقوامِ عالم سے مؤثر مداخلت کی اپیل کی۔ فورم نے کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی کی مکمل حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔

فیلڈ مارشل نے قومی سلامتی، آپریشنل تیاری اور عوامی اعتماد کو پاک فوج کی طاقت قرار دیتے ہوئے حالیہ کامیابیوں کو اللہ کا فضل قرار دیا۔ انہوں نے اندرونی استحکام اور سرحدوں کے تحفظ میں پاک فوج کے کردار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا:

"پاکستان کے عوام ہماری طاقت کا سرچشمہ ہیں، اور ہم ان کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے پرعزم ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button