
خلیج اردو
اسلام آباد: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے اوورسیز پاکستانیوں کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ برین ڈرین کا بیانیہ بنانے والے جان لیں کہ یہ دراصل برین گین ہے، کیونکہ پاکستانی ماہرین کی غیر ملکی زمینوں پر کامیابیاں پاکستان کے لیے فخر کا باعث ہیں۔ انہوں نے سیکیورٹی اداروں میں بغاوت کی فضا کو ہوا دینے والوں کو پاکستان دشمن قرار دیتے ہوئے کہا کہ مٹھی بھر دہشتگرد پاکستان کو روشن مستقبل کی جانب بڑھنے سے نہیں روک سکتے۔
جنرل عاصم منیر نے کہا کہ جب تک اس ملک کے غیور عوام افواج پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں، پاکستان کو کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہشتگردوں کی دس نسلیں بھی بلوچستان اور پاکستان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتیں، کیونکہ بلوچستان پاکستان کی تقدیر اور ہمارے ماتھے کا جھومر ہے۔ انہوں نے کشمیر کے بارے میں کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ تھا، ہے اور ہمیشہ رہے گا۔
آرمی چیف نے کہا کہ پاکستانیوں کا دل ہمیشہ غزہ کے مسلمانوں کے ساتھ دھڑکتا ہے، اور ہمیں کبھی بھی امید نہیں چھوڑنی چاہیے اور مایوس نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں سے اپیل کی کہ وہ دنیا بھر میں پاکستان کی نمائندگی فخر کے ساتھ کریں۔






