پاکستانی خبریں

وفاقی حکومت ایک لیٹر پیٹرول پر 100 روپے سے زائد ٹیکس اور دیگر ڈیوٹیز لینے لگی، تفصیل اس رپورٹ میں

خلیج اردو
اسلام آباد: وفاقی حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کے بجائے پیٹرولیم لیوی میں اضافہ کر دیا ہے۔ پیٹرول پر لیوی 8 روپے 2 پیسے بڑھا کر 78 روپے 2 پیسے فی لیٹر کر دی گئی، جب کہ ڈیزل پر لیوی میں 7 روپے ایک پیسہ اضافہ کیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق اگر لیوی میں اضافہ نہ کیا جاتا تو پیٹرول کی قیمت 8 روپے اور ڈیزل کی قیمت 7 روپے فی لیٹر کم کی جا سکتی تھی۔ تاہم حکومت نے قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، جس سے عوام کو ممکنہ ریلیف نہیں مل سکا۔

پیٹرولیم لیوی میں اضافے کے باعث نہ صرف قیمتیں جوں کی توں رہیں بلکہ مہنگائی کا دباؤ مزید بڑھنے کا خدشہ بھی پیدا ہو گیا ہے۔

اس پیشرفت کے بعد میڈیا میں شائع ہونے خبروں سے انکشاف ہوا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے ایک لیٹر پیٹرول پر 100 روپے سے زائد ٹیکس اور دیگر ڈیوٹیز وصول کیے جارہے ہیں۔ سرکاری دستاویزات کے مطابق پیٹرول کی اصل قیمت 153 روپے فی لیٹر ہے جبکہ عوام سے 254 روپے وصول کیے جا رہے ہیں۔

دستاویزات سے واضح ہوا ہے کہ صرف پیٹرولیم لیوی کی مد میں عوام پر 78 روپے کا بوجھ ڈالا جا رہا ہے، جبکہ دیگر چارجز میں ٹرانسپورٹ، ڈیلرز مارجن اور آئل مارکیٹنگ کمپنیز (او ایم سی) کے اخراجات بھی شامل ہیں۔

 

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button