
خلیج اردو
اسلام آباد:آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے اوورسیز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ترقی کے راستے میں جو بھی رکاوٹ آئے گی، ہم سب مل کر اُسے ہٹائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کبھی بھی مشکلات کے سامنے نہیں جھکی اور نہ ہی کبھی جھکے گی۔ دہشت گردوں کی دس نسلیں بھی بلوچستان اور پاکستان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتیں۔
جنرل عاصم منیر نے سوال کیا، "کیا مٹھی بھر دہشت گرد پاکستان کی تقدیر کا فیصلہ کر سکتے ہیں؟” انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان پاکستان کی تقدیر اور ماتھے کا جھومر ہے، اور غیور عوام اور فوج کی موجودگی میں پاکستان کو کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا۔
انہوں نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے جذبات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے جذبے سے متاثر ہوئے ہیں۔ "آپ نہ صرف پاکستان کے سفیر ہیں بلکہ آپ پاکستان کی روشنی ہیں۔” جنرل منیر نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو "برین گین” قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ برین ڈرین نہیں بلکہ برین گین ہے، اور بیرون ملک پاکستانی اس کی عمدہ مثال ہیں۔ پاکستان کی ترقی میں اوورسیز پاکستانیوں کا اہم کردار ہے، اور پاکستان کا ترقی کا سفر تیز رفتاری سے جاری ہے۔
آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان کو قائداعظم کے خواب کے مطابق مقام پر لے جائیں گے، اور کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں کا دل ہمیشہ غزہ کے مسلمانوں کے ساتھ دھڑکتا ہے۔