پاکستانی خبریں

عوام کو ریلیف دینے کے بجائے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ممکنہ کمی کی جگہ پیٹرولیم لیوی بڑھانے کا آرڈیننس جاری

خلیج اردو
اسلام آباد:
پاکستان کی وفاقی حکومت نے آئندہ 15 دنوں کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزارت خزانہ کے اعلامیے میں کہا گیا کہ پیٹرول کی قیمت 254 روپے 63 پیسے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت 258 روپے 64 پیسے فی لیٹر برقرار رکھی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق، پیٹرول پر لیوی 8 روپے 72 پیسے فی لیٹر بڑھا دی گئی ہے، جس کے بعد پیٹرول پر لیوی 70 روپے سے بڑھا کر 78 روپے 72 پیسے فی لیٹر کر دی گئی ہے۔ اسی طرح، ڈیزل پر لیوی 7 روپے ایک پیسہ فی لیٹر بڑھا دی گئی ہے، جس کے بعد ڈیزل پر لیوی 70 روپے سے بڑھا کر 77 روپے ایک پیسہ فی لیٹر کر دی گئی ہے۔

دوسری طرف پیٹرولیم لیوی میں اضافہ صدارتی آرڈیننس کے ذریعے کیا گیا ہے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے پیٹرولیم لیوی بڑھانے کا آرڈیننس جاری کر دیا ہے، جسے وفاقی کابینہ نے پیٹرولیم پراڈکٹس (پیٹرولیم لیوی) آرڈیننس 1961 میں ترمیم کی منظوری دی۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں کم ہونے کے باوجود اس کا فائدہ عوام کو منتقل کرنے کے بجائے بلوچستان پر خرچ کیا جائے گا۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم نے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں مزید کمی آئی ہے اور پیٹرول کی قیمتوں میں کمی ہونے جا رہی تھی، مگر ہم نے فیصلہ کیا کہ ہم قیمتیں برقرار رکھیں گے اور اس سے حاصل ہونے والی رقم کو قوم کے مفاد میں استعمال کریں گے۔

اس رقم سے کچھی کینال اور کوئٹہ کراچی ایم 25 جیسے اہم منصوبے مکمل کیے جائیں گے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button