پاکستانی خبریں

کوئی غلط فہمی میں نہ رہے، کسی بھی مہم جوئی کا فوری اور مؤثر جواب دیا جائے گا، آرمی چیف کا دو ٹوک پیغام

خلیج اردو
جہلم: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے بھارت کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج کسی بھی مہم جوئی کا فوری، بھرپور اور مؤثر جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں، کوئی دشمن کسی غلط فہمی میں نہ رہے۔ آرمی چیف نے یہ بیان ٹلہ فیلڈ فائرنگ رینج کے دورے کے دوران دیا، جہاں انہوں نے منگلا سٹرائیک کور کی "ہیمر سٹرائیک” نامی فیلڈ ٹریننگ مشقوں کا معائنہ کیا۔

جنرل عاصم منیر نے فوجی افسران اور جوانوں سے خطاب میں پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے افواجِ پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج ہر چیلنج کا سامنا کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے اور کسی بھی جارحیت کا جواب فیصلہ کن انداز میں دیا جائے گا۔

آرمی چیف نے افسروں اور جوانوں کے بلند حوصلے، پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل تیاری کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کا جذبہ پاکستان کی دفاعی صلاحیت کا مظہر ہے۔ انہوں نے مشقوں کے دوران دکھائی گئی تیاری کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا اور کہا کہ ہماری افواج کا ہر سپاہی مادرِ وطن کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔

"ہیمر سٹرائیک” مشق کا مقصد جنگی تیاری، فائر پاور کا مظاہرہ اور کمانڈ و کنٹرول صلاحیتوں کو جانچنا تھا، جو کامیابی سے مکمل ہوئیں۔ ان مشقوں نے یہ واضح کر دیا کہ پاک فوج کسی بھی جارح قوت کو مؤثر انداز میں جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button