پاکستانی خبریں

ملکی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، صدر زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کا دو ٹوک پیغام

خلیج اردو
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف اور صدر آصف علی زرداری کے درمیان اہم ملاقات میں اس عزم کا اظہار کیا گیا ہے کہ پاکستان کی خودمختاری، سلامتی اور قومی مفادات پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں واضح طور پر فیصلہ کیا گیا کہ کسی بھی بیرونی جارحیت یا خطرے کی صورت میں افواجِ پاکستان دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔

صدر آصف علی زرداری نے اس موقع پر بھارت کی جانب سے لگائے گئے بے بنیاد الزامات پر حکومت پاکستان کے ردعمل کو سراہا اور کہا کہ حکومت نے انتہائی بردباری اور ذمہ داری کے ساتھ صورتحال کا مقابلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اصولی مؤقف اور سفارتی حکمت عملی نے دنیا کے سامنے سچائی واضح کر دی ہے۔

اسی دوران وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان میں تعینات چینی سفیر کی ملاقات بھی ہوئی، جس میں چینی سفیر نے پاکستان کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ چین جنوبی ایشیا میں امن کے قیام کے لیے ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے پہلگام واقعے کی عالمی سطح پر آزادانہ تحقیقات کی پاکستانی پیشکش کو سراہتے ہوئے مکمل حمایت کا یقین دلایا۔

وزیراعظم نے چین کی مسلسل حمایت اور اس نازک مرحلے پر پاکستان کے مؤقف کی توثیق پر چینی قیادت کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف اور امیرِ قطر کے درمیان بھی ٹیلی فونک رابطہ ہوا، جس میں خطے کی مجموعی صورتحال، خاص طور پر جنوبی ایشیا میں پیدا ہونے والی کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button