عالمی خبریں

امن دشمن بھارت کو سفارتی محاذ پر ایک اور شکست، امریکا کا مسئلہ کشمیر سمیت تمام تنازعات کے پرامن حل پر زور

خلیج اردو:
واشنگٹن: خطے میں کشیدگی کے بڑھتے ہوئے خدشات کے پیش نظر امریکا نے ایک مرتبہ پھر بھارت کو اشتعال انگیزی سے گریز کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے پاکستان اور بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ موجودہ تنازعات کا حل ذمہ دارانہ اور پرامن طریقے سے نکالیں۔ نائب امریکی صدر جے ڈی وینس نے بھارت کو پہلگام واقعے کے جواب میں کسی بھی بڑے علاقائی تنازع سے اجتناب برتنے کی ہدایت دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو بھی چاہیے کہ وہ دہشت گردی کے خلاف بھارت سے تعاون کرے تاکہ علاقائی امن کو مستحکم کیا جا سکے۔

امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ امریکا دونوں ملکوں کی حکومتوں کے ساتھ مختلف سفارتی سطحوں پر مسلسل رابطے میں ہے اور خطے کی صورتحال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے۔ ترجمان کے مطابق امریکی وزیر خارجہ کی پاکستان اور بھارت کے اعلیٰ قیادت سے حالیہ ٹیلیفونک گفتگو کے بعد کچھ حد تک کشیدگی میں کمی آئی ہے، تاہم بھارت کے بعض رہنماؤں کی جانب سے اشتعال انگیز بیانات بدستور تشویش کا باعث ہیں۔

ترجمان نے واضح کیا کہ امریکا چاہتا ہے کہ دونوں ممالک ایک ایسا دیرپا حل تلاش کریں جو نہ صرف موجودہ بحران کو ختم کرے بلکہ طویل المدتی امن اور علاقائی استحکام کو بھی یقینی بنائے۔ امریکی حکام کے مطابق کسی بھی تنازعے کا حل صرف باہمی احترام، سفارتکاری اور تحمل سے ممکن ہے، کیونکہ جنگ کسی بھی فریق کے حق میں نہیں۔

ایسے وقت میں جب سرحدوں پر کشیدگی، بیانات کی شدت اور عوامی جذبات عروج پر ہیں، امریکا کی طرف سے یہ پیغام ایک اہم سفارتی پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ عالمی برادری بھی چاہتی ہے کہ پاکستان اور بھارت تحمل اور تدبر کا مظاہرہ کریں تاکہ جنوبی ایشیا میں دیرپا امن کی راہ ہموار ہو سکے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button