
خلیج اردو
لاہور:پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک میں نفرت اور تقسیم کی سیاست عروج پر ہے، قومی معاملات پر اتفاق رائے پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
لاہور میں قیام کے دوران اپنے بیان میں بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستانی عوام غربت اور بے روزگاری کا سامنا کر رہے ہیں، جبکہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال پر خصوصی توجہ دینا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے پیچھے بین الاقوامی سازشیں کارفرما ہیں اور اس کا مقابلہ کرنے کے لیے تمام قوتوں کو متحد ہونا ہوگا۔
بلاول بھٹو زرداری نے سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ ذاتی مسائل سے بالاتر ہو کر عوام کے حقوق کا دفاع کریں۔ انہوں نے اپوزیشن کو بھی دعوت دی کہ وہ تنگ نظری کی سیاست کو ترک کرے اور ملکی مفاد کو ترجیح دے۔
پیپلزپارٹی کے چیئرمین تین روزہ دورے پر لاہور پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ پارٹی کے سینئر رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔ مسلم لیگ (ن) سے پاور شیئرنگ کے لیے قائم پیپلزپارٹی کی رابطہ کمیٹی اور ن لیگی کمیٹی بھی بلاول بھٹو کو بریفنگ دے گی۔