پاکستانی خبریں

وزیراعلیٰ مریم نواز کا ایک اور اسپتال کا دورہ، ایک اور ایم ایس معطل،مریضوں کو ادویات کی عدم فراہمی پر اظہار برہمی

خلیج اردو
لاہور:وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا جناح اسپتال کا اچانک دورہ، شہریوں کی شکایات پر ایم ایس اور پرنسپل کو معطل کر دیا۔

وزیر اعلیٰ کے اچانک دورے کے دوران مریضوں اور ان کے اہلخانہ نے سہولیات کی عدم فراہمی پر شکایات کے انبار لگا دیے۔ مریم نواز نے میڈیسن اسٹور میں ادویات موجود ہونے کے باوجود مریضوں کو محروم رکھنے پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔

وزیر اعلیٰ نے ایمرجنسی وارڈ کا بھی معائنہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور ٹیسٹ کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے پنجاب کے سرکاری اسپتالوں کے واجبات فوری ادا کرنے کا حکم دیا اور مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

مریم نواز نے اسپتالوں میں دستیاب ادویات کی فہرست نمایاں مقام پر آویزاں کرنے اور شکایات کاؤنٹر کو فعال بنانے کا حکم دیا۔ مزید برآں، مریضوں سے فون پر رابطہ کر کے فیڈ بیک لینے کی ہدایت بھی جاری کر دی۔

وزیر اعلیٰ نے اسپتالوں میں سہولیات کا جائزہ لینے کے لیے چیک لسٹ رپورٹ کی منظوری دے دی، جس میں ڈاکٹرز اور عملے کی حاضری، مفت ادویات کی دستیابی، لیب ٹیسٹ اور بایو میڈیکل آلات شامل ہوں گے۔

علاوہ ازیں، مریم نواز نے پنجاب میں میڈیکل سٹی پراجیکٹ کا جامع پلان بھی طلب کر لیا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button