
خلیج اردو
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ زراعت پاکستان کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور ملکی معیشت میں اس کا حصہ بڑھانا ہے۔ انہوں نے نیشنل ایگری کلچر اینڈ ریسرچ سینٹر میں جدید ایرو پانکس طریقے سے آلو کی کاشت کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آلو کا بہترین بیج کسانوں کو مہیا کیا جائے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ اگر وفاقی حکومت صوبوں کے ساتھ مل کر کسانوں کو ضروری اشیا مناسب قیمتوں پر فراہم کرے تو ملک میں زرعی انقلاب لایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ایک ہزار زرعی گریجویٹس کو تربیت کے لیے چین بھیجا جا رہا ہے تاکہ جدید زرعی طریقے سیکھ سکیں۔
شہباز شریف نے جمہوریہ کوریا کے تعاون سے آلو کے بیج کے لیے ادارہ قائم کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی کوریا کے ساتھ مختلف شعبوں میں شراکت داری کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محنت اور لگن سے آگے بڑھے تو خطے میں ہمارا کوئی ثانی نہیں ہوگا۔